بنگلورو،20؍جون(ایس او نیوز)کرناٹک پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ڈی کے شیو کمار 2جولائی کو کے پی سی سی صدارت باضابطہ سنبھالنے کے سلسلے میں ایک بہت بڑے پروگرام کی تیاری میں ہیں۔ اس سے پہلے تین مرتبہ کورونا وائرس لاک ڈاؤن کے سبب حکو مت کی جانب سے اجازت نہ دئیے جانے کے سبب ملتوی ہو چکے اس پروگرام کو اب بڑے پیمانے پر منظم کرنے کے لئے تیاری ڈی کے شیو کمار کی نگرانی میں راست طور پر جاری ہے۔ اب کانگریس کے ضلع اور تعلقہ سطح کے کارکنوں میں اس پروگرام کے بارے میں کیا رائے ہے اور وہ کہاں تک اس پروگرام کو کامیاب بنانے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ اس کے لئے ڈی کے شیو کمار کی ہدایت پر ضلع اور تعلقہ سطح پر کارکنوں سے رائے معلوم کرنے کے لئے پارٹی کارکنوں کو روانہ کیا گیا ہے اور ان سے کہا گیا ہے کہ پارٹی کارکنوں اور قائدین سے ملاقات کر کے ان کے ساتھ ہونے والی بات چیت کی بنیاد پر رپورٹ کے پی سی سی کو روانہ کریں، تاکہ 2جولائی کے پروگرام کو پارٹی کارکنوں کی اُمنگوں کے مطابق طے کیا جا سکے۔ کارکنوں سے کہا گیا ہے کہ وہ ریاست کے ہر اسمبلی حلقہ میں موجود پارٹی کارکنوں سے رابطہ کریں اور ان سے مشورہ کریں کہ کس طرح اس پروگرام کی تیاری ہونی چاہئے۔ ضلع اور تعلقہ سطح پر اس پروگرام کو کامیابی سے منظم کرنے کے لئے ڈی کے شیو کمار نے پارٹی کے اراکین اسمبلی اور اسمبلی انتخابات میں شکست کھانے والے امیدواروں سے کہا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ان سے کہا گیا ہے کہ ہو سکتا ہے کہ ان کی طرف سے اس پروگرام کے لئے جو انتظامات کئے جائیں گے آنے والے دنوں میں اس کا انحصار پارٹی میں ان کے امکانات پر منحصر ہو۔ ڈی کے شیو کمار نے اعلان کیا ہے کہ ان کے عہدہ سنبھالنے کے پروگرام کا ریاست کے 10ہزا ر مقامات پر راست نظارہ کرنے کے لئے انتظام کئے جائیں گے۔ تاہم جب انہیں اس بات کا علم ہوا کہ بعض اضلاع میں مقامی قائدین اس میں کوئی دلچسپی نہیں لے رہے ہیں تو ڈی کے شیو کمار نے اپنے نمائندو ں کو ان اضلاع میں متعین کردیا ہے اور مقامی رہنماؤں کو تنبیہ کی ہے کہ پارٹی کور یاست میں مقبول کرنے کے مقصد سے کئے جا رہے اس پروگرام کے اہتمام میں اگر کسی نے لاپروائی سے کام لیا تو اس کی جگہ پر کسی دوسرے مقامی رہنما کو ذمہ داری سونپی جائے گی۔ اس سلسلہ میں شیو کمار نے پارٹی کے سبھی سابق عہدیداروں کا ایک اجلاس 22جولائی کو طلب کیا ہے۔